ہندوستان خارجہ پالیسی میں تبدیلی کرنے کی غلطی نہ کرے: طارق انور
نئی دہلی26فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مسئلہ فلسطین پر ایران میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپس لوٹے این سی پی کے قومی جنرل سکریٹری اور لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر طارق انور نے دیر رات اپنی رہائش گاہ پر پارٹی دہلی پردیش کی جانب سے منعقدہ عشائیہ میں نامہ نگارو ں سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو بین الاقوامی مسئلہ بنانے کی وکالت کی۔طارق انور نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ فلسطین کا مسئلہ کسی قوم او ر کسی خاص جماعت سے وابستہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے ،اسے حقوق انسانی اور عالمی برادری کا مسئلہ بھی بنانے کی شدید ضرورت ہے۔ طارق انور نے کہاکہ اسے جب تک حقوق انسانی کا مسئلہ نہیں بنایا جائیگا تب تک ظالموں کو ہوش نہیں آئیگی ۔انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سے فلسطینیوں کو ان کی زمین پر جینا اجیرن کردیاگیا ہے اور روز بہ روز ان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش ہورہی ہے وہ نہایت ہی شرمناک ہے ۔ طارق انور نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جس طرح بم و بارود برسائے جارہے ہیں اور معصوموں کو نشانہ بنایاجارہاہے اس پر عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہئے اور فوراً اسرائیلی مظالم کو روک کر فلسطینیوں کو ان کی زمین پر جینے کا پرامن موقع ملنا چاہئے ۔ طارق انور نے کہاکہ ہندوستان کا یہ واضح موقف ہے کہ فلسطینیوں کا اسی طرح فلسطین پر حق ہے جس طرح انگریزوں کا برطانیہ پر حق ہے ۔ اور ہندوستان پہلا غیر عرب ملک ہے جس نے فلسطین کو تسلیم کیاتھا جس کیلئے پنڈت جواہر لال نہرو کی سرکار مبارکباد کی مستحق ہے، لیکن نرسہما راؤ کی سرکار نے جس طرح اس رشتہ کا خون کیا ہے اسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ طارق انور نے موجودہ مرکزی سرکار سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے معاملہ میں اپنے موقف کا نہ صرف اعادہ کرے بلکہ یہ بھی وہ واضح کرے کہ گذشتہ 66سالوں میں جو خارجہ پالیسی چلی آرہی ہے اس میں کوئی ترمیم نہیں ہوگی ۔ طارق انور نے کہاکہ جس طرح ہماری خارجہ پالیسی میں مودی سرکار نے تبدیلی شروع کی ہے وہ اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت آنے والے دنوں میں بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اکیلا پڑ جائیگا ۔ طارق انور نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت کے شروع سے عربوں سے بہترین تعلقات رہے ہیں لیکن جس طرح سے بھارت نے اسرائیل کیساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی ہے اور میڈیا میں یہ خبر آرہی ہے مودی اسرائیل کا ممکنہ دورے کرنے والے ہیں وہ اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت کو اسرائیل نہ مٹنے والا زخم ضرور دے گا، کیونکہ اسرائیل کبھی کسی کا دوست نہیں رہاہے ۔ طارق انور نے مودی سرکار کی جانب سے حالیہ دنوں میں اسرائیل کیساتھ دفاع کے شعبوں میں کئے گئے سمجھوتے پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ سودے بھارت کیلئے کسی بھی طرح سود مند نہ ہوں گے ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ خارجہ پالیسیوں میں تبدیلی کرنے کی غلطی نہ کرے ورنہ ملک کیلئے یہ چیز بہتر نہ ہوگی ،کیونکہ بھارت کی امیج ہمیشہ سے ایک غیر جانبدار اور انصاف پسند ملک کی رہی ہے۔اس موقع پردہلی بی جے پی کے صدر رمیش گپتا ، جنرل سکریٹری نعیم انصاری اور اوبی سی کے چیئرمین راج کمار ادھاناعرف راجیوگجربھی موجودتھے ۔